ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / پاکستان میں شہباز شریف گرفتار،10روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

پاکستان میں شہباز شریف گرفتار،10روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

Sat, 06 Oct 2018 17:24:51  SO Admin   S.O. News Service

کراچی 6اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا /؍ایس او نیوز )  آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما شہباز شریف کو10روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا گیا۔ انہیں ہفتے کی صبح احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

شہباز شریف کو قومی احتساب بیورو(نیب) لاہورکی احتساب عدالت میں  پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا۔ماہر قانون امجد پرویز شہباز شریف کے وکیل مقرر کئے گئے ہیں۔ جن کا کہنا ہے کہ شہباز شریف پر قائم ہونے والے تمام مقدمات جھوٹے ہیں۔ہفتے کو سماعت کے دوران جہاں دونوں جانب کے وکلانے دلائل دئیے جس کے بعد عدالت نے کچھ دیر کے لئے نیب کی 15روزہ ریمانڈ دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا اور بعد میں شہباز شریف کو 10روزہ نیب کے حوالے کئے جانے کے احکامات جاری کردیئے۔

سماعت کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ میرے خلاف بنائے گئے تمام مقدمات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ میں نے اپنی ذاتی مداخلت سے کئی ارب روپے بچائے۔ اپنی نیند اور صحت خراب کی، دن رات محنت کرکے عوام کی خدمت کی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے خلاف بنائے جانے والے مقدمے کی بنیاد سیاسی ہے ، میں نے ایک دھیلے یا ایک پائی کی کرپشن نہیں کی۔

نیب حکام کے مطابق شہباز شریف کو مبینہ طور پروزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے اختیارات کے غلط استعمال ، 14 ارب روپے مالیت کے آشیانہ ہاؤسنگ پروجیکٹ میں قومی خزانے کو 60 لاکھ روپے کانقصان پہنچانے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ یہ الزامات قومی احتساب بیورو ، نیب، کی رپورٹ میں لگائے گئے ہیں۔شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک کمپنی کو فائدہ پہنچانے کیلئے دوسری کمپنی کو ٹھیکہ دیا جو 2013 میں منسوخ ہوگیا اور یوں حکومت پنجاب کو کامیاب بولی دہندہ کمپنی کو جرمانے کی مد میں 60 لاکھ روپے اداکرنے پڑے ۔اس سے قبل جب شہباز شریف کو ہفتے کی صبح لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا تھا تو عدالت کے کمرے میں وکلاء اور ن لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور کمرہ کھچا کھچ بھرگیا۔ اس موقع پر نعرے بازی کرنے کی بھی کوشش کی گئی تاہم اسے روک دیا گیا۔بھیڑ کے سبب شہبازشریف کو سیڑھیوں کی بجائے لفٹ کے ذریعے تیسری منزل پر واقع احتساب عدالت میں پہنچایا گیا۔رش کے سبب ہی جج نجم الحسن نے کمرہ? عدالت میں جانے کے بجائے شہباز شریف کے وکلاء کو اپنے چیمبر میں طلب کیا جہاں مقدمے کی سماعت شروع ہوئی۔سماعت کچھ دیر تک چیمبر میں جاری رہی جس پر شہباز شریف نے کہا کہ وہ مقدمے کی سماعت کھلی عدالت میں چاہتے ہیں جس کے بعد جج نجم الحسن کورٹ روم میں آگئے جہاں دوبارہ سماعت شروع ہوئی۔پیشی کے موقع پر ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز بھی نیب عدالت میں موجود تھے۔ شہباز شریف کو نیب نے بکتر بند گاڑی کے ذریعے احتساب عدالت پہنچایا گیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی گاڑی کے ہمراہ موجود رہی۔ شہباز شریف کو گزشتہ روز قومی احتساب بیورو میں صاف پانی کیس میں طلب کیا گیا تاہم آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں انہیں گرفتار کرلیاگیا۔


Share: